کراچی: (دنیا نیوز) صوبہ سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں کرفیو لگانے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد بڑھنے کے بعد افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ سندھ حکومت نے اتوار سے کراچی میں کرفیو لگانے کا اعلان کر دیا ہے۔ ان خبروں کو صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے جعلی اور بے بنیاد قرار دیدیا۔
صوبائی وزیر تعلیم سندھ سینیٹر سعید غنی نے افواہوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر کراچی میں کرفیو سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں، حکومت نے ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے شہر میں تین روزہ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے جس میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ عوام ہفتہ، اتوار اور یوم پاکستان کی عام تعطیل میں گھروں میں رہیں۔