ممبئی: (ویب ڈیسک) نمائش کی منتظر بالی ووڈ رومانٹک فلم ’ابیر گلال‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والی وانی کپور نے فواد خان کی تعریفوں کے پُل باندھ دیئے۔
فلم کی تشہیر کے دوران ریڈ ایف ایم انڈیا کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں وانی کپور نے فواد خان کو ناصرف خوبصورت بلکہ انتہائی پرکشش شخصیت قرار دیا، انہوں نے کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ فواد خان جیسے فنکار فلمی دنیا کے لئے ہی پیدا ہوئے ہیں۔
وانی کپور کا کہنا تھا کہ حال ہی میں انہوں نے فواد خان کے ساتھ فلم کی شوٹنگ مکمل کی ہے اور اس تجربے نے انہیں بے حد متاثر کیا۔
اداکارہ نے فواد کو اپنا پسندیدہ اداکار قرار دیتے ہوئے بتایا کہ ان کے ساتھ کام کرنا نہایت خوشگوار تجربہ رہا، وہ بہت معاون اور مہربان شخصیت کے مالک ہیں، ان سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔
دوسری جانب فلم ’ابیر گلال‘ کا نیا گانا ’انگریجی رنگ رسیا‘حال ہی میں ریلیز کیا گیا، جو چند ہی گھنٹوں میں 28 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے، اس سے قبل فلم کا پہلا گانا ’خدایا عشق‘ بھی مداحوں میں خوب مقبول ہوا تھا۔
فلم کا ٹیزر اپریل کے آغاز میں جاری کیا گیا تھا، جبکہ مکمل فلم 9 مئی کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
واضح رہے کہ فواد خان کی فلم میں شمولیت پر بھارت کی کچھ ہندو انتہاپسند جماعتوں نے فلم کی ٹیم کو دھمکیاں دی ہیں، تاہم پروڈیوسرز اور ہدایتکار اپنی پوزیشن پر قائم ہیں اور مقررہ تاریخ پر فلم ریلیز کرنے کے لئے پُرعزم ہیں۔
ادھر بالی ووڈ کی کئی معروف شخصیات جن میں سنی دیول، سشمیتا سین اور امیشا پٹیل شامل ہیں فواد خان کے فلم میں شامل ہونے کو دونوں ممالک کے درمیان مثبت قدم قرار دے چکی ہیں۔