بلال مقصود نے شاہراہوں پر پینٹ کر کے بچوں کو کھڑا کرنے کیخلاف آواز اٹھا دی

Published On 21 April,2025 06:16 am

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کے نامور گلوکار بلال مقصود نے کراچی کے مختلف مقامات پر زہریلے پینٹ کرکے معصوم بچوں کو دھوپ میں کھڑا کرنے کے خلاف آواز اٹھا دی۔

کراچی کی مشہور شاہراہوں جیسے بلوچ کالونی اور عائشہ منزل کے راؤنڈ اباؤٹ، سی ویو وغیرہ پر کچھ بچوں کو سلور اور گولڈن پینٹ کرکے کھڑا کر دیا جاتا ہے جنہیں لوگ پیسے دیتے ہیں، اس حوالے سے بلال مقصود نے انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کی اور پاکستان کی ہیلتھ منسٹری کے نام پیغام تحریر کیا۔

گلوکار نے کہا ’’آپ کو اتحاد ڈیفنس اور سی ویو پر اس طرح کے بہت سے بچے ملیں گے ان کے چہرے پر چمکدار پینٹ لگا ہوا ہوتا ہے جو اس گرمی میں سڑکوں پر کھڑے رہتے ہیں۔‘‘

بلال مقصود نے لکھا دل دہلا دینے والی بات یہ ہے کہ پینٹ اکثر ایلومینیم پاؤڈر یا خطرناک کیمیکل سے بنایا جاتا ہے جو کہ انتہائی نقصان دہ ہوتا ہے، دیر تک ایسے سورج کے نیچے کھڑے رہنے سے جلد کے سنگین مسائل پیدا ہو سکتے ہیں اور یہاں تک کہ جلد کا کینسر بھی ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ کرنے کی ضرورت ہے، براہ کرم اس پر نظرثانی کریں، ان بچوں کو تعلیم دیں اور ان کی حفاظت کریں اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔

گلوکار کی پوسٹ پر متعدد افراد نے کمنٹ کیا اور ان کی بات کی حمایت کی جبکہ کچھ صارفین نے بتایا کہ لاہور کے مختلف مقامات پر بھی ایسے ہی بچوں کو کھڑا کیا جاتا ہے۔