لاہور: (دنیا نیوز) نصف صدی تک فنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے لیجنڈ اداکار آغا طالش کو مداحوں سے بچھڑے ستائیس برس بیت گئے۔
اپنے کردار وں میں ڈھل جانا طالش کی نمایاں خوبی تھی، کریکٹرایکٹر اور وِلن کے کردار ان کی اصل شناخت بنے، پاکستان فلم انڈسٹری میں اکیڈمی کا درجہ رکھنے والے اداکار کا اصل نام آغا علی عباس قزلباش تھا اور وہ 10 نومبر 1927 کو لدھیانہ میں پیدا ہوئے تھے۔
انہوں نے 1952 میں فلمی کیرئیر کا آغاز کیا تھا اورپنجابی فلم’’جبرو‘‘ میں ایک مزاحیہ کردار سے فلموں میں ہٹ ہوئے، آغا طالش نے اپنے چالیس سالہ فلمی کیرئیر میں بے شمار فلموں میں کام کیا اور اپنی اداکاری کا لوہا منوایا۔
آغاز طالش کی مشہور فلموں میں ’فرنگی‘ ،’شہید‘ ، ’نیند‘،’زرقا‘،’کنیز‘،’تیرے عشق نچایا‘،’بھریا میلہ‘ اور’ امراؤجان ادا‘ شامل ہیں، آغا طالش نے چار سو سے زائد فلموں میں کام کیا۔
پاکستانی فلموں میں کئی یادگار کردار ادا کرنیوالے آغا طالش19 فروری 1998کو انتقال کرگئے مگر ان کی اداکاری مداحوں کو آج بھی یاد ہے۔