بھارتی سپریم کورٹ کا بیہودہ گفتگو پر رنویر، رائنا اور اپروا کے شوز بند کرنے کا حکم

Published On 19 February,2025 03:37 am

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی سپریم کورٹ نے متنازعہ بننے والے یوٹیوبر اور پوڈکاسٹرز رنویر الہٰ آبادیہ، سمے رائنا اور اپروا موکھیجا کے شوز کو تاحکم ثانی بند کرنے کا حکم دے دیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ نے یہ فیصلہ یوٹیوبرز کے خلاف آسام اور مہاراشٹر سمیت مختلف ریاستوں میں درج ایف آئی آر کی ایک ساتھ سماعت کی درخواست پر دیا، یہ ایف آئی آرز ’’انڈیا گوٹ لیٹنٹ شو‘‘ میں میزبان سمے رائنا اور اپروا موکھیجا کے سوال کے جواب میں رنویر الہٰ آبادیہ کی اپنے والدین کے بارے میں کی گئی شرمناک بات پر کاٹی گئی تھیں۔

میڈیا رپورٹ میں مزید بتایا کہ بھارت میں بے ہودہ گفتگو سے کہرام مچ گیا تھا اور اس کنٹینٹ پر ہر ذی شعور کی جانب سے شدید تنقید کی جا رہی ہے یہاں تک کہ شہریوں نے ایف آئی آرز بھی کٹوائیں، سپریم کورٹ نے رنویر الہ آبادیہ کی سخت سرزنش بھی کی اور تینوں کو حکم دیا کہ وہ اپنے پاسپورٹس ممبئی تھانے میں جمع کرادیں۔

عدالت کی جانب سے تینوں یوٹیوبرز کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ پیشگی اجازت کے بغیر ملک سے باہر نہ جائیں، تاہم عدالت نے تینوں یوٹوبرز کو ان ایف آئی آرز پر گرفتاری سے تحفظ بھی فراہم کیا ہے جس کے بعد پولیس انہیں گرفتار نہیں کرے گی۔