لاہور: (دنیا نیوز) زکوٹا جِن سے شہرت پانے والے اداکار مُنا لاہوری کو مداحوں سے بچھڑے سات برس بیت گئے۔
اداکار مُنا لاہوری نے مجھے کام بتاؤ میں کیا کروں، کس کو کھاؤں کے ڈائیلاگ اور بچوں کے پسندیدہ کردار زکوٹا جِن سے شہرت پائی، منا لاہوری کا اصل نام مطلوب الرحمان تھا، انہوں نے ٹی وی کے علاوہ تھیٹر میں بھی طویل عرصے تک اداکاری کے جوہر دکھائے۔
منا لاہوری کا جسمانی قد اگرچہ زیادہ نہیں تھا لیکن بلحاظ اداکاری وہ ایک قدآور شخصیت تھی، فروری 1949ء میں لاہور میں پیدا ہونے والے اداکار نے 40 سال اپنی منفرد اداکاری سے بچوں سے لے کر بڑوں تک کے چہروں پر خوشیاں اور مسکراہٹیں بکھیریں۔
پی ٹی وی کے پروڈکشن ہاؤس میں چھوٹی سی ملازمت کرنے والے بڑے اداکار نے ’’عینک والا جن‘‘ سے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز کرتے ہوئے ’’پیسہ بولتا ہے‘ جن اور جادوگر‘‘ سمیت متعدد ڈراموں میں کام کیا۔
زکوٹا جن کے کردار نے ذہنوں پر ایسے نقوش چھوڑے جو مدتوں یاد رہیں گے۔