لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی سینئر اداکارہ ریما خان سے متعلق متنازع بیان پر شدید تنقید کا سامنا ہونے کے بعد معروف مصنف و فلمساز ناصر ادیب نے اداکارہ سے معافی مانگ لی۔
ناصر ادیب نے ایک پوڈ کاسٹ میں ہاتھ جوڑ کر ریما خان سے معافی مانگی اور کہا کہ میں ریما سے معافی مانگتا ہوں کہ وہ خدا کے لیے مجھے معاف کر دیں، اللہ کا بھی فرمان ہے کہ سنی سنائی بات پر یقین نہیں کرنا چاہیے۔
ناصر ادیب نے مزید کہا کہ میں نے ایک دوست سے مدد طلب کر کے گوگل پر ریما کو تلاش کرنے کا کہا ہے، حالانکہ مجھے معلوم تھا کہ ریما کا تعلق پٹھان فیملی سے ہے اوراس نے ایک غریب گھرانے میں آنکھ کھولی تھی، اس کا اصل نام ثمینہ ہے، یہ چار بہن بھائی تھے اور اس کے ہاں غربت کا یہ عالم تھا کہ سکول کی فیس دینے کے پیسے نہیں ہوتے تھے اسی لیے اسے سکول سے نکال دیا تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جو عورت ہیرامنڈی بازار میں رہتی ہو وہاں سب کچھ تو ہوسکتا ہے لیکن غربت اور غیرت کا نام و نشان نہیں ہو سکتا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل ناصر ادیب نے ایک شو میں ریما کے متعلق ریمارکس دیے تھے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ہیرامنڈی میں رہائش پذیر اداکارہ ریما خان کو دیکھ کر انہیں مسترد کر دیا تھا۔
ناصر ادیب کے اس متنازع بیان پر انہیں شوبز شخصیات سمیت عوام کی جانب سے بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا جس کے بعد انہوں نے اداکارہ سے معافی مانگ لی ہے۔