نئی دہلی :(ویب ڈیسک ) بھارتی اداکارہ اور سوشل میڈیا انفلوئنسر سومیہ شیٹھی کو مبینہ طور پر 150 تولہ سونا چوری کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ سومیہ شیٹھی کو مبینہ طور پر 150 تولہ سونا چوری کرنے کے الزام میں پولیس نے گرفتار کیا ہے، سومیہ کے خلاف سونا چوری کی شکایت ریٹائرڈ سرکاری ملازم پرساد بابو کی جانب سے درج کروائی گئی تھی۔
پرساد نے ایف آئی آر میں بتایا ہےکہ ان کی سومیہ سے دوستی ایک فلم کیلئے کیے جانے والے آڈیشن میں ہوئی جس کے بعد سومیہ ان کی شان وشوکت سے متاثر ہوکر ان کے گھر آنے جانے لگیں،گھر آنے جانے کے دوران سومیہ نے ان کا واش روم بھی استعمال کیا۔
ایف آئی آر کے مطابق حال ہی میں پرساد کے اہل خانہ کو شادی سے واپسی پر معلوم ہوا کہ گھر سے سونا غائب ہوچکا ہے، پرساد نے الزام لگایا کہ قیمتی اشیاء کی چوری کے پیچھے سومیا شیٹھی کاہاتھ ہے، جو تھوڑا تھوڑا کرکے ان کے گھر سے تقریباً ایک کلو سونا لے اڑی اور پھر عیاشی بھری زندگی گزارنے گوا چلی گئیں۔
پولیس نے فنگر پرنٹس اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے سومیہ شیٹھی سمیت 11 افراد سے تفتیش شروع کردی ہے، پولیس نے تفتیش کے دوران 74 گرام سونا بھی برآمد کرلیا ہے۔
دوران تفتیش سومیہ نے پولیس کو دھمکی دی کہ وہ باقی سونا واپس نہیں کرسکتی اور زبردستی کی صورت میں پولیس کو سومیہ نے اپنی زندگی ختم کرنے کی دھمکی دی ہے۔
واضح رہے کہ سومیہ شیٹھی کو ’دی ٹرپ‘ اور ’یورز لوینگلی‘ جیسی فلموں میں بھی دیکھا جاچکا ہے۔