عائشہ عمر کا پیچیدہ سرجری کے بعد انڈسٹری سے وقفہ لینے کا اعلان

Published On 15 March,2024 10:42 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ عائشہ عمر نے پیچیدہ میڈیکل سرجری کے بعد انڈسٹری سے چاہ ماہ وقفہ لینے کا اعلان کردیا۔

سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم انسٹاگرام پر طویل پوسٹ میں اداکارہ عائشہ عمر نے مداحوں کو خبر دی کہ یکم رمضان کو ان کی سرجری ہو گئی ہے اور وہ اب روبصحت ہیں۔

عائشہ عمر نے بتایا کہ 8 برس قبل ایک ایکسیڈنٹ میں ان کے کولربون اور شولڈر بلیڈ کی ہڈیاں ٹوٹ گئی تھیں اور وہ کافی عرصے سے اس تکلیف کے ساتھ کام کر رہی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ طویل عرصے کے بعد انہوں نے ہمت جمع کر کے اپنی سرجری کرالی ہے اور اب وہ بہتر محسوس کررہی ہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ سرجری کے بعد وہ تین سے چار ماہ تک کیمرے سے دور رہیں گی اور صرف میوزک آئیڈیاز، سکرپٹس اور اپنے برانڈز کیلئے کام کریں گی۔

عائشہ عمر کی سوشل میڈیا پوسٹ پر مداح ان کی صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کررہے ہیں۔