نیویارک : ( ویب ڈیسک ) آسکر ایوارڈ یافتہ ہالی ووڈ اداکار ایلن آرکن 89 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کامیڈی اور ڈرامے میں اپنی استعداد کا مظاہرہ کرنے والے کریکٹر ایکٹر ایلن آرکن کا انتقال ہو گیا، انہوں نے ’ لٹل مس سن شائن ‘ کے لیے 2007 میں آسکر ایوارڈ جیتا تھا۔
ان کے بیٹوں نے اپنے والد کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ ہمارے والد ایک فنکار اور انسان دونوں کے طور پر فطرت کی ایک منفرد باصلاحیت قوت تھے۔
آرکن اپنے آپ کو مختلف قسم کے کرداروں میں ڈھالنے کی صلاحیت کے لیے جانے جاتے تھے جس کی وجہ سے انہوں نے متعدد فلموں میں پذیرائی حاصل کی۔
حالیہ برسوں میں انہوں نے نیٹ فلکس کامیڈی سیریز ’ دی کومنسکی میتھڈ ‘ میں مائیکل ڈگلس کے مدمقابل اداکاری کی اور ایک ایسا کردار ادا کیا جس نے ایمی ایوارڈز میں دو نامزدگیاں حاصل کیں۔
1968 میں ’ دی ہارٹ لونلی ہنٹر ‘ میں آرکن نے ایک حساس آدمی کا کردار ادا کیا تھا جو نہ سن سکتا تھا اور نہ بول سکتا تھا، اس کردار نے ہالی ووڈ میں انکی حیثیت کو بلند کیا۔
آرکن نے 1998 میں اے پی کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ ہم غریب تھے، اس لیے میں فلموں میں جانے کا متحمل نہیں ہوتا تھا، لیکن میں جب انڈسٹری میں گیا تو فلموں پر توجہ مرکوز کی کیونکہ وہ میری زندگی میں کسی بھی چیز سے زیادہ اہم تھیں۔