کراچی: (دنیا نیوز) پاکستانی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کے لیجنڈری اداکار کمال یوسف عرف شکیل احمد کو کراچی میں سپرد خاک کردیا گیا۔
فلموں اور ٹیلی ویژن کے نامور اداکار کمال یوسف عرف شکیل احمد 85 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، ڈیفنس کی سلطان مسجد میں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور شوبز سے وابستہ فنکاروں نے شرکت کی۔
اداکار شکیل احمد کی بے ساختہ کردار نگاری نے ٹی وی ڈراموں کو سپرہٹ بنانے میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے ٹیلی ویژن پر ایک عرصے تک راج کیا، انکل عرفی، زیر زبر پیش، آنگن ٹیڑھا اور ان کہی ان کے یادگار ڈراموں میں شامل ہیں۔
شکیل احمد کو 1992ء میں ان کی خدمات کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان نے انہیں پرائیڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا۔
ڈرامہ اداکارشکیل اپنی صلاحیتوں سے کئی عشروں تک پاکستان اور دنیا بھر میں اردو ڈراموں کی پہچان بنے رہے اور آنے والے اداکاروں پر اپنے فن کا گہرا نقش چھوڑ گئے۔