لاہور: (دنیا نیوز) 'میرا دل یہ پکارے آجا' گانے پر ڈانس کر کے سوشل میڈیا پر شہرت حاصل کرنے والی معروف پاکستانی ٹک ٹاکر عائشہ نے اپنی موت کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
گزشتہ ہفتے کراچی کے جناح ہسپتال میں کار سوار افراد ایک لڑکی کی لاش چھوڑ کر فرار ہوگئے تھے، ہسپتال حکام نے لڑکی کی شناخت عائشہ کے نام سے کی جس کے متعلق بتایا گیا کہ وہ ایک ٹک ٹاکر تھی۔
خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا کے کچھ پیجز نے دعویٰ کیا کہ مردہ حالت میں ہسپتال لائی جانے والی عائشہ نامی ٹک ٹاکر وہی تھی جس نے میرا دل یہ پکارے آجا پر ڈانس کیا تھا اور وائرل ہوگئی تھی، ان افواہوں کے باعث لوگوں کے ذہنوں میں غلط تاثر پیدا ہوا جس کے بعد ٹک ٹاکر نے معاملے کی خود وضاحت کر دی۔
انسٹا گرام اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی سٹوری پر ٹک ٹاکر عائشہ نے اپنی موت کی خبر پر مبنی ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ میرے ایک دوست نے بھیجی ہے، اس خبر میں کہا گیا ہے کہ میری موت واقع ہو گئی ہے، خدارا آپ کو اندازہ نہیں ہے اس خبر سے کسی کی زندگی پر کتنا گہرا اثر ہوسکتا ہے۔
عائشہ نے انسٹا گرام کی سٹوری میں مزید لکھا کہ میں کسی قسم کی کوئی سنسنی نہیں پھیلانا چاہتی، آپ سب کیوں میری زندگی مشکل کرنے کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں؟، جھوٹی خبر پھیلانے والے میرا صحیح نام تک نہیں جانتے، ایسی خبروں کو بند ہونا چاہیے۔