لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے معروف اداکار فیروز خان کی سابقہ اہلیہ علیزہ سلطان کے اپنے بیٹے محمد سلطان خان کی سالگرہ پر لکھے گئے الفاظ پڑھ کر صارفین افسردہ ہوگئے۔
علیزہ سلطان کے بڑے بیٹے محمد سلطان خان کی سالگرہ پر علیزہ کے پرستاروں نے انکو دعاؤں بھری مبارکباد پیش کی جس کے بعد انہوں سلطان کی سالگرہ کے دن کی تصاویر پر مشتمل ایک ویڈیو اپنے انسٹاگرام پر شیئر کی اور ایک اور تصویر بھی شیئر کی جس میں انہوں نے سنگل پیرنٹ کی ذمہ داری کے متعلق دل کو چھو لینے والی باتیں لکھیں۔
علیزہ نے لکھا کہ میں دونوں (بیٹا اور بیٹی) کی ذمہ داری کی خوشی ہر دن منانا چاہتی ہوں، ہر نئے دن میں خود کے ایک نئے وجود کی خوشی کو منانا چاہتی ہوں، میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں کبھی بھی ایک والد اور والدہ کا کردار ادا کر پاؤں گی جو کہ کبھی سخت تو کبھی بے حد حساس ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ میں اللہ کی بے انتہا شکر گزار ہوں کہ اس نے مجھے اس عظیم کام کے لیے منتخب کیا کہ میں روز تم لوگوں کو کھانا کھلانے کے لیے پیسے کماتی ہوں اور کھانا پکاتی ہوں، میں اللہ کی شکر گزار ہوں کہ اس نے میرے ذہن میں بسی الجھنوں کو سلجھا کر میری راہ کو آسان بنایا ہے۔
علیزہ نے لکھا کہ میں ہر دن اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں کہ اس نے مجھے 26 سال کی عمر میں اس قابل بنایا کہ میں اپنی زندگی میں موجود تمام رشتوں کو بخوبی نبھا رہی ہوں اور کسی کو بھی بیچ راستے میں چھوڑ کر نہیں جارہی۔
علیزہ کے انسٹاگرام پر لکھے گئے ان الفاظ کو پڑھ کر انکے پرستار بے حد افسردہ ہوئے اور اپنے پرخلوص الفاظ کے ساتھ انکی تکلیف کا مداوا کرنا چاہا جبکہ کچھ صارفین نے ان کے جذباتی نوٹ کو فیروز خان کیلئے خفیہ پیغام بھی قرار دیا۔
اس کے علاوہ علیزہ سلطان کے مداحوں نے انکے اور انکے بچوں کے لیے بھی نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا ہے۔