شوٹنگ کے دوران بچھو نے کاٹ لیا تھا موت کے منہ سے واپس آئی ہوں: مائرہ خان

Published On 07 March,2023 12:23 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) اداکارہ مائرہ خان نے کہا ہے کہ وہ 2 مرتبہ خطرناک حادثوں کا شکار ہو کر موت کے منہ سے واپس آئی ہیں۔

حال ہی میں اداکارہ مائرہ خان ساتھی اداکار نعیم حق کے ہمراہ نجی ٹی وی کے پروگرام میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے ذاتی زندگی سمیت شوبز انڈسٹری میں اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعات کا ذکر کیا۔

مائرہ خان نے انکشاف کیا کہ وہ ایک فلم کی شوٹنگ کیلئے سوات کے ایک قبرستان میں سین شوٹ کروا رہی تھیں کہ انہیں اچانک ایک بچھو نے کاٹ لیا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں محسوس ہوا کہ ان کے پاؤں پر کوئی چیز کاٹ گئی ہے جس کے بعد انہیں فوری طور پر سٹریچر پر ڈال کر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں معلوم ہوا کہ انہیں ایک مقامی خطرناک کالے بچھو نے کاٹ لیا ہے۔

مائرہ خان کا کہنا تھا کہ اس وقت مجھے لگ رہا تھا کہ میں مرنے والی ہوں اور یہ میرا آخری وقت چل رہا ہے۔

اداکارہ نے مزید بتایا کہ ان کے ساتھ اس ہی مہینے میں دوسری مرتبہ ایک اور خطرناک واقعہ پیش آیا جہاں سوات سے واپسی میں پہاڑی اور کھائی کے درمیانی راستے میں ان کی گاڑی کے بریک فیل ہو گئے اور گاڑی پہاڑی پر چڑھانی پڑی۔

مائرہ نے بتایا کہ پہاڑی پر سے گاڑی پلٹتی ہوئی نیچے آئی اور تب انہیں دوسری مرتبہ محسوس ہوا کہ وہ مر چکی ہیں، میں زندگی میں دو مرتبہ موت کے منہ سے واپس آئی ہوں جس پر اللہ کا جتنا شکر ادا کروں کم ہے۔