قوی خان کی نماز جنازہ ادا، کینیڈا میں سپرد خاک کر دیا گیا

Published On 07 March,2023 12:35 am

لاہور: (دنیا نیوز) لیجنڈ اداکار محمد قوی خان کو نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد کینیڈا میں ہی سپرد خاک کر دیا گیا۔

معروف پاکستانی اداکار قوی خان کی نماز جنازہ میں ان کے قریبی عزیزوں اور پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی جس کے بعد انہیں وہیں پر مسلم کمیونٹی کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

ٹی وی اور فلموں کے معروف اداکار گزشتہ روز 80 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے، وہ کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے اور کچھ عرصے سے علاج کی غرض سے اپنے بچوں کے پاس کینیڈا میں مقیم تھے۔

قوی خان 1942 میں پشاور میں پیدا ہوئے، انہوں نے 200 سے زائد ٹی وی ڈراموں اور فلموں میں کام کیا ہے اس کے علاوہ انہوں نے تھیٹرز اور ریڈیو میں اپنے فن کے جوہر دکھائے ہیں، انہیں ان کی بہترین خدمات کے اعتراف پر پرائیڈ آف پرفارمنس اور ستارہ امتیاز سے نوازا گیا ہے۔

حکومت نے رواں سال محمد قوی خان کو پاکستان کے سب سے بڑے ایوارڈ " نشان پاکستان " کیلئے بھی نامزد کر رکھا تھا اس کے علاوہ ریڈیو اور پاکستان ٹیلی ویژن نے انہیں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا ہے۔

اداکار محمد قوی خان نے لاکھوں میں تین، الف نون، اندھیرا اجالا، دن، انگار وادی، آشیانہ جیسے ڈراموں میں کام کیا، ٹائیگر گینگ، مٹی کے پتلے، سوسائٹی گر، بیگم جان، سرفروش جیسی فلموں میں بھی اداکاری کی ہے۔