ساحر علی بگا کے نئے گیت 'وشملے' کا پوسٹر جاری، گانا 24 فروری کو ریلیز ہو گا

Published On 15 February,2023 11:46 pm

لاہور: (دنیا نیوز) بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار ساحر علی بگا کے نئے گیت 'وشملے' کا پوسٹر جاری کر دیا گیا، گانا 24 فروری کو ریلیز ہو گا۔

پاکستانی گلوکار ساحر علی بگا نے کئی سپرہٹ فلموں اور ڈراموں کے میوزک کمپوز کرنے کے علاوہ میوزک انڈسٹری کو اپنی آواز کے ذریعے  بازی  اور  ڈھولا  جیسے مشہور گیت دیئے، اب کی بار ساحر علی بگا شائقین کے لیے ایک اور گیت کے ساتھ سامنے آرہے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ ساحر علی بگا نے  وشملے  نام سے گیت تیار کیا ہے جس کا پوسٹر بھی جاری کر دیا گیا ہے، ساحر علی بگا کے ساتھ اس گانے میں گلوکارہ آئمہ بیگ کی آواز بھی شامل ہے، اردو، پنجابی اور بلوچی زبان میں بنائے گئے گیت کو 24 فروری کو ریلیز کیا جائے گا۔

گلوکار ساحر علی بگا کہتے ہیں میری ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ شائقین کو ایسا میوزک دیا جائے جسے لوگ پسند کریں، شادیوں پر لوگوں کو بھارتی میوزک لگاتے دیکھا، اس گانے کی ریلیزکے بعد لوگ خوشی کے لمحات کے دوران بھارتی میوزک کو بھول جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گلوکارہ نازیہ حسن اور ذوہیب حسن کے بعد ڈوئٹ سنگر نہیں تھے، آئمہ بیگ کے ساتھ ڈوئٹ گیتوں کو لوگوں نے بے حد پسند کیا، گانے کی ویڈیو پر ڈائریکٹر عدنان قاضی نے بڑی محنت کی ہے جس میں صرف پاکستانی ثقافت کو اجاگر کیا گیا ہے۔