چار دہائیوں تک فلم انڈسٹری پر راج کرنیوالے بدر منیر کی آج 14 ویں برسی

Published On 11 October,2022 11:23 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاجواب اور شاندار اداکاری کی بدولت چار دہائیوں تک فلم انڈسٹری پر راج کرنے والے بدر منیر کی آج 14 ویں برسی منائی جارہی ہے۔

کس نے سوچا تھا کہ 70 کی دہائی میں کراچی کی سڑکوں پر رکشہ چلانے والا اور پھر چاکلیٹی ہیرو وحید مراد کے آفس کا چائے والا ایک دن پشتو فلم انڈسٹری کا بے تاج بادشاہ بنے گا۔

خوبصورت چہرے اور گرجدار آواز کے مالک بدر منیر کی قسمت اس وقت کھلی جب وحید مراد نے پشتو رومانوی داستان "یوسف خان شیر بانو" پر فلم بنانے کا فیصلہ کیا اور اس میں بدرمنیر کو موقع دیا۔

وحید مراد جیسے مردم شناس کا اندازہ غلط ثابت نہ ہوا اور بدر منیر ایک ہی فلم کے بعد سٹار بن گئے، "یوسف خان شیر بانو" سے شروع ہونے والا سفر پھرنہیں رکا۔

بدرمنیر نے 4 دہائیوں تک اپنے پرستاروں کے دلوں پر راج کیا، اپنے 42 سالہ فلمی کیرئیر میں انہوں نے 700 سے زائد پشتو، اردو، پنجابی اور سندھی فلموں میں کام کیا۔

لاجواب اور شاندار اداکار بدر منیر 11 اکتوبر 2008 کو دل کا دورہ پڑنے سے اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔