ایک اور معروف بھارتی اداکارہ نے اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری چھوڑ دی

Published On 09 October,2022 06:51 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ زائرہ وسیم اور ثنا خان کے بعد بھارت کی بھوجپوری فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ سحر افشاں نے اسلام کی خاطر شوبز کو خیر باد کہہ دیا۔

اداکارہ سحر افشاں نے سوشل میڈیا کی فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ میں شوبز چھوڑ رہی ہوں اور انڈسٹری سے میرا تعلق نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ میں اللہ سے معافی کی طلبگار ہوں اور باقی زندگی اسلامی تعلیمات اور اللہ کے احکامات کے مطابق گزارنے کا ارادہ رکھتی ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ اتفاق سے انڈسٹری میں آئی اور آگے ہی بڑھتی رہی لیکن اب یہ سب ختم کرنے کا ارادہ کرلیا ہے، شہرت اور دولت کے باوجود دل میں ہمیشہ خلش رہی ہے کیونکہ ایسی زندگی کا کبھی تصور نہیں کیا تھا۔

خیال رہے کہ سحر افشاں مقامی فلم انڈسٹری بھوجپوری کی نامور اداکارہ ہیں اور انہوں نے کئی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔