لاہور: (ویب ڈیسک) ترک ڈرامہ سیریل "ارطغرل غازی” میں جنگجو عبدالرحمان کا کردار ادا کرنے والے اداکار جلال آل نے کہا ہے کہ ترک صدر رجب طیب اردوان اور پاکستانی وزیر اعظم عمران خان اپنے اپنے ملک میں اسلام کو اس کی روح کے مطابق نافذ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ترک میڈیا کے مطابق ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ 1915 میں چناکلے کے معرکے میں جب برطانیہ اور اس کے اتحادیوں نے ترکی پر حملہ کیا تو اس وقت سلطنت عثمانیہ اپنے دن گِن رہی تھی۔ اس وقت ہر طرف سے ترکی پر حملے ہو رہے تھے۔ ایسے میں سلطنت عثمانیہ کو پیسوں کی اشد ضرورت تھی کیونکہ جنگ کی وجہ سے مالی بحران پیدا ہو گیا تھا۔ اس وقت برصغیر کے مسلمان جو علاقے آج پاکستان میں شامل ہیں وہ ترکوں کی مدد کو آئے۔ اس قربانی اور محبت کو ترک کیسے بھول سکتے ہیں۔ میں اپنے تمام پاکستانی بہن اور بھائیوں کو دل کی گہرائی سے سلام پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ برصغیر کے بڑے سیاسی رہنما اور شاعر مشرق علامہ ڈاکٹر محمد اقبال نے بھی ترکوں کی مدد میں اہم کردار ادا کیا۔ ہم اس محبت کے مقروض ہیں۔ برصغیر کے صرف مسلمان امرا ہی نہیں بلکہ غریب لوگوں نے بھی جو کچھ ان سے ہو سکا ترکوں کی مالی مدد کی۔
ایک سوال کے جواب میں ترک اداکار نے کہا کہ پاکستان اور پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کے لئے نہ صرف میرے بلکہ ہر ترک کے دل میں الگ اور منفرد مقام ہے۔ جو قوم اپنے ماضی کو یاد نہیں رکھتی وہ مستقبل میں ترقی نہیں کر سکتی۔ ترک اپنے پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کی دل کی گہرائیوں سے مشکور ہے اور اہم ان کے جذبہ محبت اور خیرسگالی کو سلام پیش کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان عالم اسلام کی خدمت کا بیڑہ اٹھائے ہوئے ہیں: عبدالرحمن
جلال آل نے کہا کہ ارطغرل غازی محض ایک ڈرامہ نہیں بلکہ ہمارے آباؤ اجداد کی تاریخ اور ثقافت کی اہم ترین معلومات بھی ہیں۔ گو کہ تمام معلومات ڈرامے کے ذریعے فراہم نہیں کی جا سکتیں لیکن کوشش کی کہ ترک ثقافت اور تاریخ کی درست معلومات لوگوں تک پہنچ سکیں۔ اس لئے میں کہہ سکتا ہوں کہ یہ ڈرامہ ہماری زندگی میں انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاکستانی بہن بھائی ترکوں کے لئے بڑی اہمیت رکھتے ہیں۔ یہ کوئی سیاسی بیان نہیں ہے بلکہ یہ ایک حقیقت ہے۔ پاکستانی بہن بھائیوں سے رابطے رہتے ہیں۔ جس طرح ترک آپس میں ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں بالکل ایسی ہی محبت پاکستانیوں کے لئے بھی ہے۔ ہمیں پاکستانیوں سے محبت ہے کیونکہ مشکل وقت میں انہوں نے ترکوں کی مدد کی
ان کا کہنا تھا کہ ترک صدر رجب طیب اردوان اور پاکستانی وزیر اعظم عمران خان میں دوستی ہے۔ دونوں اپنے اپنے ملک میں اسلام کو اس کی روح کے مطابق نافذ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ دونوں سیاسی رہنما ایک دوسرے سے بہت ملتے جلتے ہیں۔ دونوں کے درمیان گہری دوستی ہے۔ عمران خان بھی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دن رات کام کر رہے ہیں۔ ادھر صدر اردوان بھی ترکی کو اس کا کھویا ہوا مقام دلانے کے لئے بھرپور جدوجہد کر رہے ہیں۔