’میرا گورا بننے کا خواب سچا ہوا‘ آمنہ الیاس کا ناقدین پر طنز

Published On 12 October,2020 05:20 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) چند روز سے پاکستانی ماڈل و اداکارہ آمنہ الیاس گوری رنگت کے حوالے سے تنقید کرنے والوں کو طنزیہ جواب دے رہی ہیں، اسی حوالے سے ایک اور ویڈیو شیئر کر دی جس کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ میرا گورا بننے کا سپنا سچ ہوا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت سمیت دیگر ممالک میں گوری رنگت کا مسئلہ پایا جاتا ہے اور رنگت کو ہی خوبصورتی کا معیار سمجھا جاتا ہے، اسی سلسلے میں رنگ گورا کرنے کی مختلف کریمز اور ان کے اشتہار بھی کافی کامیاب ہوتے ہیں۔

ہمارے معاشرے میں گوری رنگت اور خاص طور پر لڑکیوں کی رنگت کو ان کی کامیابی، اچھی شخصیت، شادی اور اچھی ملازمت حاصل کرنے کے لیے اہم سمجھا جاتا ہے۔

اسی لیے برصغیر پاک و ہند میں کئی دہائیوں سے رنگ گورا کرنے والی کریمز کا کاروبار جاری ہے اور ایسی کریمز بنانے والی کمپنیاں تشہیری مہم پر بھی کروڑوں روپے خرچ کرتی ہیں۔

گوری رنگت کرنے والی کریمز کی کمپنیاں کوشش کرتی ہیں کہ وہ تشہیری مہم کے لیے معروف شخصیات کی خدمات حاصل کریں، اس لیے ایسی کریمز کے اشتہارات میں زیادہ تر شوبز شخصیات دکھائی دیتی ہیں۔

پاکستان کی معروف اداکارائیں ایسی بھی ہیں جنہوں نے معاوضے کی پیشکش کے باوجود ایسے اشتہارات میں کام سے منع کیا تھا جن میں عائشہ عمر، ماہرہ خان، صنم سعید، حریم فاروق اور مومنہ مستحسن سمیت دیگر اداکارائیں بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: گہری رنگت مجھے ناکام نہیں کرسکتی: آمنہ الیاس

گزشتہ چند روز سے پاکستانی ماڈل و اداکارہ آمنہ الیاس بھی رنگ گورا کرنے والی کریمز کی تشہیر پر تنقید کررہی ہیں اور اس بار کی جانے والی تنقید میں انہوں نے کچھ مختلف انداز اپنایا ہے۔

آمنہ الیاس نے سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس کے کیپشن میں انہوں نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ میرا گورا بننے کا سپنا سچ ہوا۔

چند روز قبل بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی ٹوئٹ میں آمنہ الیاس نے کہا تھا کہ انڈسٹری میں موجود میری ساتھی اداکارائیں پیسے کی خاطر رنگ گورا کرنے والی کریمز کی تشہیر کررہی ہیں۔

آمنہ الیاس نے لکھا تھا کہ بطور عوامی شخصیت ہماری جانب سے کسی چیز کے اثرات مرتب ہونے کا مطلب ہے کہ ہم دوسروں کو خوبصورتی کا احساس کروائیں نہ کہ انہیں خود کو کم خوبصورت محسوس کروائیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ان لوگوں کو شرم آنی چاہیے جو اب بھی اس قسم کی سوچ کی تائید کرتے ہیں۔

تاہم آمنہ الیاس نے ان اداکاراؤں کے نام نہیں لیے تھے جن پر انہوں نے برہمی کا اظہار کیا اور ساتھ ہی رنگت کے فرق کے خاتمے سے متعلق ہیش ٹیگ endcolourism# بھی استعمال کیا۔

اس سے قبل اداکارہ نے فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر خود اعتمادی پر مبنی ایک پیغام شیئر کیا تھا جس میں ان کا مطلب تھا کہ ان کی رنگت کبھی ان کے عزائم سے پیچھے ہٹنے کی وجہ نہیں ہوگی۔

آمنہ الیاس نے لکھا تھا کہ میری گہری رنگت میرے پیچھے ہونے کی وجہ نہیں ہوگی، کولونائزیشن یا مائیکرایگریشنز کے طوق سے مجھے فرق نہیں پڑتا، میں اپنے مقاصد طے کروں گی اور انہیں حاصل کروں گی۔