دورہ کنفرم، ’ارطغرل غازی‘ آئندہ ماہ پاکستان آئیں گے

Published On 05 September,2020 07:23 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان میں دھاک بیٹھانے والے ترک ڈرامہ ارطغرل غازی کے ہیرو انجن التان دوزیاتان آئندہ ماہ پاکستان آئیں گے۔ دورے کے دوران لاہور، کراچی، اسلام آباد بھی جائیں گے ، سوالات کے جوابات بھی دیں گے۔

یاد رہے کہ پانچ سیزن پر مشتمل ترکی کے گیمز آف تھرونز کہلانے والے ڈرامے نے پاکستان اور مقبوضہ کشمیر میں مقبولیت کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، صرف پاکستان میں اس ڈرامے کو کروڑوں مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔

عثمانی روایات کے مطابق ارطغرل سلطنت عثمانیہ کے بانی عثمان اوّل کے والد تھے۔ اس کے علاوہ ان کے بارے میں حقائق پر مبنی معلومات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ جو بات طے ہے وہ یہ کہ عثمان کا تعلق آج کے ترکی میں اناطولیہ کے علاقے میں آباد ترک خانہ بدوش قبیلے سے تھا اور اسکی حکومت اناطولیہ کی درجنوں چھوٹی چھوٹی حکومتوں میں سے ایک تھی جن کی طاقت میں زیادہ فرق نہیں تھا۔

یہ بھی پڑھیں: عظیم مسلمان ہیرو ارطغرل غازی کون تھے؟

ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح 13ویں صدی میں ترک سپہ سالار ارطغرل نے منگولوں، صلیبیوں اور ظالموں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور کس طرح اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔

شہرہ آفاق ترک ڈرامے ارطغرل غازی کی مقبولیت پاکستان میں مسلسل بڑھ رہی ہے اور اس میں کام کرنے والے اداکاروں کے پاکستانی مداحوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ ڈرامے میں ارطغرل غازی کا کردار 41 سالہ انجین التان دوزیتان نے نبھایا ہے جب کہ انکی بیوی حلیمہ سلطان کا کردار 28 سالہ اسرا بلجک نے ادا کیا ہے۔

دونوں اداکاروں اور خاص طور پر حلیمہ سلطان کی پاکستان میں بے پناہ مقبولیت ہے اور لوگوں نے سوشل میڈیا پر فالو کرنے سمیت ان سے محبت کا اظہار کرنا بھی شروع کیا اور بتایا کہ کس طرح پاکستانی مداح انہیں پسند کرنے لگے ہیں۔ ڈرامہ مداحوں کی جانب سے حلیمہ سلطان یعنی اسرا بیلگیج کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ان کی تعریف میں کمنٹس کیے گئے ہیں اور لوگ ان سے ملنے اور انہیں پاکستان آنے کی دعوت دیتے دکھائی دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ارطغرل غازی نے نوجوان کشمیریوں میں آزادی کی نئی روح پھونک دی

ترک خبر رساں ادارے ’’اناطولیہ ایجنسی‘‘ کے مطابق ارطغرل غازی کے مرکزی ہیرو اپنے مداحوں سے ملنے کے لیے اکتوبر میں پاکستان آئیں گے، انہوں نے اپنے دورہ پاکستان کے حوالے سے مداحوں کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔

ترک خبر رساں ادارے کے مطابق ’ارطغرل غازی‘ اپنے دورے کے دوران وفاقی دارالحکومت میں ایک کمرشل تقریب میں شرکت کریں گے جبکہ اپنے دورے کے دوران وہ کراچی اور لاہور بھی جائیں گے۔ اس دوران وہ سوالات کے جوابات بھی دیں گے۔