لاہور: (دنیا نیوز) وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی روک تھام کے لئے نئی ٹیکنیکل ٹیم بنا دی ہے، جو ہر چار گھنٹے بعد اپنی رپورٹ دے گی، صورتحال خراب ہوئی تو اس ٹیم کی سفارشات پر عوامی اجتماعات اور سکول کالجز بند کرنے پر غور کیا جائے گا۔
لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے یاسمین راشد کا کہنا تھا کسی بھی وبا کی صورتحال روزانہ تبدیل ہوتی ہے، 82 ممالک میں کرونا وائرس پہنچ چکا ہے، اٹلی، ایران، عراق، چین میں کرونا کے کیسز زیادہ ہیں، چین میں 3 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں، چین میں ہلاکتوں کی تعداد کم، دیگرممالک میں زیادہ ہوگئی ہیں، پاکستان میں اب تک 6 کیس سامنے آئے ہیں، کرونا کا چھٹا کیس کراچی سے رپورٹ ہوا۔
یاسمین راشد کا کہنا تھا ایران سے آنیوالے 2500 زائرین کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے، کرونا ایک وائرل انفیکشن ہے، انفیکشن بزرگ افراد اور بچوں کو زیادہ متاثر کرتاہے،یاسمین راشد دنیابھر میں 80 ہزارافرادکرونا سے متاثر ہوئے، 2700 افراد کی سکریننگ کی جاچکی ہے، سب کو ماسک پہننے کی ضرورت نہیں ہے، صحت مند افراد کیلئے ماسک ضروری نہیں، متاثر افراد اور تیمارداری کرنیوالوں کیلئے ماسک ضروری ہے۔
وزیر صحت پنجاب نے مزید کہا یورالوجی ہسپتال راولپنڈی، طیب اردوان ہسپتال مظفر گڑھ کو مختص کر دیا، 10 ہزار سے زائد افراد کو تربیت دی جاچکی ہے، وائرس کا پھیلاؤ بہت جلد ہوتا ہے، اموات کی شرح 3 فیصد سے زیادہ نہیں، ہاتھ جتنی بار دھوئیں بہتر، چہرے کو ہاتھ نہ لگائیں۔