میرا تکذیب نکاح کیس: عدالت نے فیملی کورٹ کے مقدمے کا ریکارڈ طلب کر لیا

Last Updated On 25 June,2019 11:15 am

لاہور: (دنیا نیوز) سیشن عدالت میں ادکارہ میرا کے تکذیب نکاح کیس میں اپیل پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے تکذیب نکاح کیس میں فیملی کورٹ کے مقدمے کا ریکارڈ طلب کر لیا۔

عدالت نے اداکارہ میرا کی اپیل پر سماعت 16 جولائی تک ملتوی کر دی، اداکارہ نے فیملی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کیا ہوا ہے، ایڈیشنل سیشن جج عدنان طارق نے میرا کی اپیل پٹیشن پرسماعت کی۔

اداکارہ میرا کا کہنا تھا کہ فیملی عدالت نے تکذیب نکاح کیس میں حقائق کے برعکس فیصلہ سنایا۔ عتیق الرحمان کو جانتی نہیں ہوں۔ میں نے عتیق الرحمان سے شادی نہیں کی۔ عتیق الرحمان نے فیملی کورٹ کو گمراہ کیا۔ عتیق الرحمان کی بیوی قرار دینے سے متعلق فیملی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے

یاد رہے کہ فیملی عدالت نے تکذیب نکاح کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے اداکارہ میرا کو شادی شدہ قرار دیتے ہوئے انہیں عتیق الرحمان کی بیوی قرار دیا تھا اور اداکارہ کا تکذیب نکاح سے متعلق دائر دعویٰ خارج کر دیا تھا۔

عتیق الرحمان نے دعویٰ کیا تھا کہ اداکارہ میرا اس کی بیوی ہے جس کے بعد جولائی 2009ءمیں اداکارہ میرا نے تکذیب نکاح کیس چیلنج کیا تھا۔ فیملی کورٹ کے جج بابر ندیم نے 9 سال کیس کی سماعت کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے اداکارہ کا دعویٰ خارج کر دیا تھا اور عتیق الرحمان کی بیوی قرار دیدیا ہے۔

اس کیس کی سماعت کے دوران نکاح خواں بھی عدالت میں پیش ہوئے تھے اور تصدیق کی تھی کہ انہوں نے عتیق الرحمان اور میرا کا نکاح پڑھایا تھا اور یہ نکاح نامہ بھی حقائق پر مبنی ہے۔ اس وقت بھی اداکارہ نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ عتیق الرحمان سے ان کی شادی نہیں ہوئی بلکہ وہ سستی شہرت کے حصول کیلئے یہ سب کچھ کر رہا ہے۔