عظیم فنکارہ کو کھو دیا، رضا مراد کا روحی بانو کو خراج عقیدت

Last Updated On 28 January,2019 09:05 am

ممبئی: (روزنامہ دنیا) بالی وڈ کے نامور اداکار رضا مراد نے پاکستان کی لیجنڈ اداکارہ روحی بانو کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے ایک عظیم فنکارہ کو کھو دیا، روحی بانو کے چاہنے والے صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ بھارت میں بھی موجود ہیں۔

رضا مراد کا کہنا تھا کہ ’’میں نے روحی بانو کے ان گنت ڈرامے دیکھے ہیں، جن میں لونگ پلے، کانچ کا پل، زرد گلاب، قلعہ کہانی، حیرت کدہ اور ان کا آخری ڈرامہ ایک اور عورت شامل ہیں۔ 

بالی وڈ اداکار نے کہا کہ روحی بانو کا انتقال یقیناً ایک قومی المیہ اور قومی سانحہ ہے۔ ہم نے ایک بہت ہی عظیم فنکارہ کو کھویا ہے جن کا نعم البدل تقریباً ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس غم کی گھڑی میں مرحومہ کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہیں اور ان کے صبر کیلئے دعاگو ہیں۔

یاد رہے کہ اداکارہ روحی بانو ترکی میں علاج کے دوران رواں ماہ کی 25 تاریخ کو جہان فانی سے کوچ کر گئی تھیں، ان کی عمر 67 برس تھی۔