رشی کپور کی کینسر میں مبتلا ہونے کی تصدیق

Last Updated On 28 January,2019 08:48 am

ممبئی: (روزنامہ دنیا) کینسر میں مبتلا ہونے والے بالی وڈ اداکار رشی کپور نے کہا ہے کہ اس مرض کا علاج بہت طویل ہے جس کیلئے صبر درکار ہے لیکن مجھ سے صبر نہیں ہو رہا۔

انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت میری بیماری کا باقاعدہ علاج جاری ہے، مجھے پوری اُمید ہے کہ میں بہت جلد ٹھیک ہو جاؤں گا اور اگر خدا نے چاہا تو میں بہت جلد بھارت واپس آجاؤں گا۔

واضح رہے کہ رشی کپور چند ماہ قبل علاج کی غرض سے جب امریکہ منتقل ہوئے تو ان کی اہلیہ نیتو سنگھ نے ان کے کینسر میں مبتلا ہونے کی صاف تردید کی تھی تاہم میڈیا میں اس حوالے سے چہ مگوئیاں گردش کر رہی تھیں۔

اب رشی کپور نے کینسر جیسی موذی مرض لاحق ہونے کی خود تصدیق کر دی ہے جس پر نیتو سنگھ نے بھی پرستاروں سے شوہر کیلئے خصوصی دعا کرنیکی درخواست کی ہے۔