لاہور (نیٹ نیوز ) وقت بہت سی چیزوں کو کچھ اس انداز میں تبدیل کردیتا ہے کہ اس کا اپنے ماضی سے تعلق مبہم محسوس ہونے لگتا ہے ۔ بالی ووڈ رنگ و نور کی دنیا ہے اور یہاں کام کرنے والی خوبرو اداکارائوں کی شادابی اور خوبصورتی وقت کے ساتھ ساتھ کچھ اس انداز میں ڈھل چکی ہے کہ ان کی ماضی کی تصاویر اور فلمیں گویا ایک خواب سا محسوس ہونے لگی ہیں۔
بالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ ممتا کلکرنی جنہوں نے فلم عاشق آوارہ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا ان کی دلکشی اور خوبصورتی کا ایک عالم دیوانہ تھا ۔ انہوں نے کئی کامیاب فلموں میں کام کیا جن میں کرانتی ویر اور کرن ارجن جیسی فلمیں شامل تھیں۔ ان کی موجودہ تصویر دیکھ کر کوئی کہہ نہیں سکتا کہ کبھی حسن ممتا کلکرنی کی ذات کا حصہ رہا ہوگا۔
بالی ووڈ کی ایک اور اداکارہ رینا رائے بھی اسی فہرست میں شامل ہیں۔ رینا رائے اپنے عہد شباب میں بالی ووڈ کی خوبرو اداکارائوں میں شمار کی جاتی تھیں۔ ناگن ، ارپن جیسی کامیاب فلموں میں اداکاری کرنے والے رینا رائے نے جوانی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر محسن حسن خان سے محبت کی شادی کی تھی۔ ان کی شادی کامیاب نہیں ہوسکی اور وہ طلاق لے کر بھارت واپس چلی گئیں۔ ان کی پرانی اور آج کے دور کی تصویر دیکھ کر بھی دل سے آہ نکل جاتی ہے۔
وقت نے اداکارہ تنو شری دتہ کی حالت کو بھی خاصا بدل دیا ہے۔ عاشق بنایا آپ نے جیسی فلم سے شہرت حاصل کرنے والی گلیمرس اداکارہ بالی ووڈ میں کچھ خاص دھماکہ نہ کرسکیں اور اس کے بعد فلم انڈسٹری سے کنارہ کشی ان کا مقدر ٹھہری۔ ان کی جوانی اور موجودہ دور کی کوئی تازہ تصویر آمنے سامنے رکھیں تو شاید کوئی یقین بھی نہ کرے کہ یہ وہی خوبرو اداکارہ ہے جس نے اپنی ادائوں نے نوجوانوں کے دلوں پر راج کیا تھا۔
منا بھائی ایم بی بی ایس ، تم بن ، لگان اور گنگا جل جیسی مشہور فلموں میں اداکاری کرنے والی دلکش ساحرہ گریسی سنگھ نے کچھ عرصہ عوام کے دلوں پر راج کرنے میں کامیاب رہیں۔ گنگا جل میں اجے دیوگن اور لگان میں عامر خان کے ساتھ ان کی جوڑی کو سراہا گیا لیکن اس کے بعد کچھ بات نہ بن سکی اور گریسی مایوس ہوکر انڈسٹری سے ناطہ توڑ گئیں۔ ان کی کیریئر کے آغاز اور آج کے دور کی جھلک دیکھیں تو یہ گمان کرنا مشکل ہوجاتا ہے کہ گریسی نے کسی دور میں اپنی ایک جھلک سے کئی لوگوں کی نیندیں اڑائی ہوں گی۔
فلم بیتاب سے بالی ووڈ کے اینگری ینگ مین سنی دیول کے ساتھ کیریئر کا آغاز کرنے والی امرتا سنگھ بھی اپنے دور کی مقبول اداکارہ تھیں۔ بیتاب کے بعد انہوں ںے کچھ فلموں میں بطور ہیروئن کام کیا۔ اس کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کے سپنر روی شاستری کے ساتھ ان کی محبت کی کہانی طشت از بام ہوئی تو بھارت میں تہلکہ مچ گیا۔ محبت کی یہ کہانی کچھ عرصہ چلی اور اس کے بعد امرتا سنگھ نے اپنے سے کئی برس چھوٹے نواب سیف علی پٹودی کو جیون ساتھی بنا لیا ۔ یہ شادی بھی افیئر کی طرح کامیاب نہ ہوئی اور امرتا سنگھ طلاق لے کر گھر بیٹھ گئیں۔ امرتا سنگھ کی اس دور کی اور آج کی تصویریں دیکھی جائیں تو یقیناً مداح ششدر رہ جائیں گے۔
بالی ووڈ کی سرمئی آنکھوں والی اداکارہ منداکنی نے راج کپور کی فلم رام تیری گنگا میلی سے شہرت حاصل کی۔ فلم جیتے ہیں شان سے میں اداکار متھن چکرورتی کیساتھ ان کی جوڑی کو بیجد پسند کیا گیا۔ اگر خوبصورتی ہی فلموں میں کامیابی کی ضمانت ہوتی تو شاید اس دور میں منداکنی کی ہر فلم کامیاب ہوتی مگر ایسا نہیں ہوا اور منداکنی چند فلموں کے بعد گھر بیٹھ گئیں۔
شاہ رخ خان جیسے اداکار کے ساتھ فلم پردیس میں ہیروئن کے کردار میں سائن ہونے والی ماہیما چوہدری بھی اپنی دلکشی کو کامیابی کی ضمانت نہ بنا سکی۔ فلم کروکشیترا میں سنجے دت کے ساتھ ان کی جوڑی کو پسند کیا گیا جبکہ داغ میں چندر چور سنگھ اور سنجے دت جیسے اداکاروں کے ساتھ کام کرنے والی ماہیما چوہدری بھی اپنا جادو جگانے میں کامیاب نہ ہوئیں اور واجبی اداکاری کی چھاپ لگنے کے بعد بالی ووڈ کو خیرباد کہہ گئیں۔ ان کی بھی حال ہی میں وائرل ہونے والی تصاویر کو دیکھ کر شائقین نے دانتوں تلے انگلیاں دبا لیں۔
زمانہ طالبعلمی میں مس انڈیا کا ٹائٹل جیتنے والی میناکشی ششہادری نے فلم ہیرو میں اپنی معصوم جھلک سے لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروا لی ۔ اس کے بعد ان کی کئی اور فلمیں آئیں جن میں میری جنگ، دامنی ، گھاتک جیسی سپر ہٹ فلمیں شامل تھیں۔ میناکشی ششہادری کی پہلے جیسے دلکشی اب معدوم ہوچکی ہے اور وقت نے ان کی رعنائی اور دلکشی کو بھی چھین لیا ہے۔