لاکھوں دلوں کے ہیرو ورون دھون 31 برس کے ہو گئے

Last Updated On 24 April,2018 10:30 am

لاہور: (ویب ڈیسک) بالی وڈ اداکار ورون دھون اپنی زندگی کی 31 بہاریں دیکھ چکے، 2012 میں اپنی فلم سٹوڈنٹ آف دی ائیر سے اپنی جاندار ایکٹنگ کی دھاک بٹھانے والے اداکار پر قسمت تاحال مہربان ہے، وہ ان چند بالی وڈ اداکاروں میں سے ایک ہیں جو اپنے کیریئر کے دوران مسلسل کامیابیاں سمیٹ رہے ہیں۔ ایکشن سے لیکر کامیڈی اور ڈرامہ، ورون نے فن اداکاری کی ہر صنف میں اپنی پرفارمنس سے شائقین کے دل جیتے ہیں۔ تاہم ڈائریکٹر سجیت سرکار کی ڈائرکشن میں اپنی حالیہ فلم اکتوبر میں ورون نے اپنی جانب سے تو اچھی اداکاری کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی لیکن فلمی نقادوں اور شائقین کو ان کا ماسٹر پیس کچھ زیادہ پسند نہیں آیا اور انھوں نے ورون کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

اسکے باوجود شوبز سے ورون کے رومانس کا سلسلہ تھما نہیں، وہ ابھی بھی بالی وڈ باکس آفس کے بڑے اداکاروں میں شامل ہیں۔ انکی 10 میں سے 8 فیچر فلموں نے 100 کروڑ سے زائد بزنس کمایا ہے جس سے ورون کو بالی وڈ کا کماو پوت ادا کار کہا جائے تو غلط نہیں۔

اچھی حس ظرافت ہر اداکار کا خاصہ نہیں مزاحیہ فلموں دل والے، بدری ناتھ کی دلہنیا، جدوا 2 میں اداکاری کے ساتھ ساتھ ورون حقیقی زندگی میں بھی اتنے ہی زندہ دل ہیں جس کی جھلک ان کے سیلبرٹی ٹاک شوز اور فلموں کی پروموشن کے دوران نظر آتی ہے۔ یہاں ہم ان کی شخصیت کے دیگر مختلف پہلووں پر بھی روشنی ڈالتے ہیں۔

ورون دھون کی دل والے میں شائقین نے چاہے فلم سے اتنا لطف نہ اٹھایا ہو تاہم ساتھی اداکارہ کریتی سینن سے ان کی کیمسٹری کی سب نے داد دی۔ ایک انٹرویو میں ورون نے کریتی کے ساتھ ذہنی ہم آہنگی کا ایسا شاندار مظاہرہ کیا جو دیکھنے والوں کو برسوں یاد رہے گا۔
بالی وڈ فلم انڈسٹری میں عالیہ بھٹ کیساتھ جتنی اچھی انڈرسٹینڈنگ ورون کی سمجھی جاتی ہے اتنی کسی دوسرے اداکار کی نہیں۔ ورون نے صرف اسی صلاحیت کی بدولت عالیہ کے ہمراہ سٹوڈنٹ آف دی ائیر، ہمپٹی شرما کی دلہنیا اور بدری ناتھ کی دلہنیا جیسی کامیاب فلمیں کیں جنہوں نے باکس آفس پر 400 کروڑ کا بزنس کیا۔

سال 2016 میں اپنی فلم ڈشوم کی پریس بریفنگ کے دوران اداکارہ پرینتی چوپڑا کی ریڈ کارپٹ پر چلتے ہوئے سینڈل ٹوٹ گئی جس پر ورون دھون فوری طور پر پرینتی کی مدد کو لپکے اور انھیں سنبھالا دیا۔

ورون نے اپنی شخصیت کے حوالے سے ایک اور انکشاف کیا کہ ان کی زندگی کا ایک یادگار لمحہ وہ بھی تھا جب ایک اکیلی لڑکی دور دراز سے ٹرین کے ذریعے سفر کر کے صرف ان سے ملنے آ پہنچی۔

یہاں اداکار ارجن کپور کے پرستاروں کیلئے بھی یہ بات دلچسپی سے خالی نہیں ہو گی کہ ورون دھون اور ارجن کپور بچپن کے ساتھی رہے ہیں اور اکٹھے کھیلے کودتے ماضی کی سینکڑوں حسین یادیں دلوں میں سموئے ہوئے ہیں۔