لاہور پولیس کے ٹرینی سب انسپکٹر کا پیشی کیلئے آئے ملزموں پر بدترین تشدد

Published On 18 December,2024 05:12 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور پولیس کے ٹرینی سب انسپکٹر نے کینٹ کچہری پیشی پر آئے ملزموں پر بدترین تشدد کیا۔

گرفتارملزموں پر تشدد کی ویڈیو "دنیا نیوز" کو موصول ہو گئی، ویڈیو میں ملزموں پر تشدد دیکھا اور چیخ و پکار سنی جا سکتی ہے، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزمان پر پلاسٹک کے پائپ سے تشدد کیا جا رہا ہے۔

تھانہ باٹا پور کے نائب کورٹ کانسٹیبل ولید نے ملزم صابر اور عدیل کو کینٹ کچہری پیش کیا، ملزمان پر تھانہ باٹا پور میں 751 کے تحت لڑائی جھگڑے کا مقدمہ درج تھا۔

متاثرہ لڑکوں نے الزام لگایا ہے کہ مخالف پارٹی کے سب انسپکٹر نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا، لڑکوں کے والد نے درخواست میں موقف اختیار کیا سب انسپکٹر ہمارے مخالفین کا عزیز ہے۔

لڑکوں کے والد نے کہا کہ سب انسپکٹر کہیں اور تعینات ہے، اس نے باٹا پور پولیس سے میرے بیٹوں عدیل اور صابر کو اغوا کرکے تشدد کیا ۔

واضح رہے کہ تھانہ باٹا پور نے زمین کے جھگڑے پر دونوں پارٹیوں پر 751 کا مقدمہ درج کر رکھا ہے، متاثرہ لڑکوں کے والد نے تھانہ کینٹ میں درخواست جمع کروا دی لیکن مقدمہ درج نہ ہو سکا۔