کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں گھریلو جھگڑے پر بدبخت شخص کے تشدد سے سسر اور 8 سالہ سگی بیٹی جاں بحق ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بہادر آباد میں چار مینار سٹار ہوم کے قریب ملزم کا اپنے سسر کے ساتھ کسی بات پر جھگڑا ہو گیا جس پر وہ مشتعل ہو کر سسر اور اپنی بیٹی پر ٹوٹ پڑا، ظالم شخص نے دونوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنا کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔
دوہرے قتل کے بعد ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 47 سالہ زبیر اور 8 ماہ کی نور فاطمہ کے نام سے ہوئی، واقعے کے بعد پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ کا جائزہ لینے کے بعد لاشوں کو ضروری کارروائی کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا۔
پولیس کے مطابق مقدمہ درج کر کے فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مار کارروائیاں شروع کر دی گئیں، دوہرے قتل کا افسوسناک واقعہ سسر اور داماد کے درمیان گھریلو تنازعے پر پیش آیا، ملزم کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔