گوادر: (دنیانیوز) گوادر کے علاقے سربندر میں نامعلوم افراد نے رہائشی کوارٹر میں گھس کر فائرنگ کی اور 7 افراد کو قتل کردیا۔
ایس ایچ او تھانہ گوادر محسن علی کے مطابق نامعلوم افراد نے فش ہاربر کے قریب رہائشی کوارٹر پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں سات افراد جان کی بازی ہارگئے جبکہ ایک زخمی ہوا۔
ایس ایچ او کے مطابق واقعہ تقریبا رات تین بجے کے قریب پیش آیا ، تمام جاں بحق و زخمی افراد ایک رہائشی کوارٹر میں رہائش پذیر تھے اور سربندر میں حجام کی دوکان پر کام کرتے تھے۔
ایس ایچ او تھانہ گوادر کے مطابق جاں بحق اور زخمی افراد کا تعلق پنجاب کے ضلع خانیوال سے بتایا گیا ہے۔
پولیس نے لاشوں اورزخمیوں کو گوادر ہسپتال منتقل کردیا جبکہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر نامعلوم ملزمان کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی 7افراد کے قتل کی شدید مذمت
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گوادر میں سات افراد کے بیہمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔
وزیراعظم نے مقتولین کی بلندی درجات کی دعا اور ان کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، دہشت گردی کا یہ واقعہ ملک دشمنوں کا بزدلانہ فعل ہے، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے پر عزم ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا اظہار مذمت
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے گوارد میں دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے 7 افراد کے قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے مقتولین کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ سوگوارخاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، معصوم لوگوں کی جانوں سے کھیلنے والے درندے انسان کہلانے کے حقدار نہیں، دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔
حکومت بلوچستان کی بے گناہ مزدوروں کے قتل کی مذمت
وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء لانگو نے گوادر کے علاقے سربندر میں بے گناہ مزدوروں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ۔
صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ معصوم مزدوروں کا قتل کھلی دہشت گردی ہے نہتے معصوم مزدوروں کا قتل بزدلانہ اقدام ہے ، دہشت گردوں سے سختی سے نمٹیں گے، واقعہ کا تمام پہلوؤں سے جائزہ لے رہے ہیں، ملوث دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
ترجمان صوبائی حکومت کے مطابق انتظامی افسران جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں، اور ضلعی انتظامیہ سے رابطے میں ہیں، شہید مزدوروں کی فیملیز سے رابطہ کیا جاررہا ہے۔
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی مذمت
پاکستان پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گوادر میں 7 محنت کشوں کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کی ہے ۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بے گناہ مزدوروں کا سفاکانہ قتل کھلی دہشتگردی ہے، اس بربریت پر بلوچستان سمیت پورے ملک کے لوگ شدید غصے میں ہیں، اور انسانیت شرمندہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس جرم میں ملوث درندوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، پاکستانی قوم دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔