کراچی :کارپر فائرنگ سے 2افراد قتل ، ڈاکو ایک کروڑ 35 لاکھ روپے لے کر فرار

Published On 08 April,2024 11:35 am

کراچی: (دنیانیوز) کراچی کے علاقے میٹروول سائٹ ایریا میں کار پر فائرنگ سے 2 شہری جاں بحق ہوگئے ، وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔

ایس ایس پی کیماڑی کا بتا نا ہے کہ  ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ ڈکیتی مزاحمت پر پیش آیا، سائٹ ایریا میں نامعلوم افراد نے کار پر فائرنگ کی ، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ زخمی ہونے والا شخص دوران علاج دم توڑ گیا جس کے بعد واقعہ میں جاں بحق افراد کی تعداد 2 ہوگئی۔

پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت شیر عالم اور ذاکر کے نام سے ہوئی، جاں بحق دونوں افراد پولٹری کمپنی کے ملازم تھے، جاں بحق شخص شیر عالم اکاؤنٹس کا کام کرتا تھا۔

پولیس کا بتانا ہے کہ جاں بحق افراد رقم بینک میں جمع کروانے جارہے تھے ، دونوں ملازمین سے ایک کروڑ 35 لاکھ روپے لوٹے گئے،ملزمان رقم لوٹ کر فرار ہوگئے ۔

، انہوں نے کہاکہ جائے وقوعہ سے5نائن ایم ایم اور ٹرپل ٹو کے خول ملے ہیں، بڑی رقم کی منتقلی سے پہلے پولیس کو آگاہ نہیں کیاگیاتھا، ڈاکوؤں کی تلاش جاری ہے ۔ 

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا نوٹس 

دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی، وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے رپورٹ دی جائے، اس قسم کے واقعے ناقابل قبول ہیں، علاقے کی پولیس کہاں تھی، پولیس گشت کو ایسی جگہوں پر بڑھایا جائے جہاں کرائم زیادہ ہے۔