ڈرونز کےذریعے پنجاب سےسرحدپارمنشیات کی سمگلنگ ناکام ،3ملزمان گرفتار

Published On 09 March,2024 09:32 am

لاہور: (دنیانیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف )نے آپریشن کرتے ہوئے ڈرونز کےذریعے پنجاب سےسرحدپار منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی ،3ملزمان گرفتارکرلیے گئے۔

ترجمان کے مطابق آپریشن پنجاب سےمتصل انٹرنیشنل بارڈر کےقریب کیاگیا، کواڈ کاپٹرز کےذریعے انٹرنیشنل منشیات سمگلنگ گینگ کیخلاف کامیاب کارروائی کی گئی ۔

ترجمان کاکہنا ہے کہ گرفتار ملزمان منشیات سمگلنگ میں ملوث ہیں ، ملزمان محمدمنیر اور عدیل احمدکا تعلق بین الاقوامی سطح پر منشیات سمگلنگ میں ملوث تنظیموں سے ہے اور انہیں 13 کلو گرام ہیروئن اور 8 کواڈ کاپٹرز کے ساتھ گرفتار کیا گیا ہے ۔

ترجمان اےاین ایف کے مطابق دوران تفتیش ملزمان نے بین الاقوامی روابط کے حامل منظم گینگ کے طور پر کام کرنے کا انکشاف کیا ہے، ملزمان نے تیسرے ملک کے ذریعے رقم کی ٹرانزیکشنز کرنے کا بھی اعتراف کرلیا ۔

ترجمان کے مطابق ضبط کیے گئے کواڈ کاپٹرز/ڈرونز جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہیں، ضبط شدہ کواڈ کاپٹرزآٹوریٹرن فیچر کے ساتھ 15 کلومیٹر کے فاصلے تک پرواز کرسکتے ہیں ،اےاین ایف ملوث نیٹ ورکس سےنمٹنے کےلئے بین الاقوامی تعاون پر کاربند ہے۔