اسلام آباد : (دنیا نیوز) ایف آئی اے اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث گینگ کا سرغنہ ملزم فیض اللہ کو گرفتار کرلیا ۔
ڈائریکٹر اسلام آباد زون کی ہدایات پر انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ، ایف آئی اے اور سی ٹی ڈی نے ملزم فیض اللہ کو چھاپہ مار کارروائی میں عمر کوٹ سے گرفتار کیا۔
حکام کے مطابق ملزم نے شہری کے بیٹے اور بھتیجے کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھجوانے کے لیے لاکھوں روپے بٹورے ، ملزم نے شہری سے مجموعی طور پر 65 لاکھ بٹورے اور شہری کے بیٹے اور بھتیجے کو اٹلی براستہ لیبیا بھجوانے کا وعدہ کیا تھا۔
حکام کا بتانا ہے کہ شہری کا بیٹا اور بھتیجا لیبیا پہنچنے کے بعد سے لاپتہ ہیں، ملزم کے دیگر ساتھیوں نے شہری کے بیٹے اور بھتیجے کو کشتی میں سوار کیا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتارملزم کیخلاف تفتیش کاآغاز کردیا گیا ہے۔