کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں جماعت اسلامی کے سابق ایم پی اے سید عبدالرشید کے گھر کے باہر نامعلوم افراد کی جانب سے ہوائی فائرنگ کی گئی۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ کراچی کے علاقے لیاری کی بہار کالونی میں پیش آیا، ملزمان فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہو گئے، جماعت اسلامی کے رہنما سید عبدالرشید کے گھر کے باہر سے نائن ایم ایم کے دو خول برآمد ہوئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی کے رہنما سید عبدالرشید کے گھر کے باہر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے تحقیقات کی جا رہی ہیں، ملزمان کو جلد پکڑ لیا جائے گا۔