پشاور: (دنیانیوز) خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ اور بلوچستان کے ضلع بولان میں فائرنگ کے دو افسوس ناک واقعات پیش آئے ہیں جس کے نتیجے میں چار افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔
خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ کے علاقہ خویشگی بالا میں دیرینہ دشمنی کے باعث فائرنگ سے 2افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے ۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال نو شہرہ منتقل کر دیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت فاروق ولد سید رحمان اور عبدالله کے نام سے ہوئی ہے، نوشہرہ کلاں پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
فائرنگ کا دوسرا واقعہ بولان مچھ کے قریب کرتہ کے علاقے میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد کی ٹیوب ویل پر فائرنگ سے دو افراد جان کی بازی ہارگئے ۔
لیویز فورس نے لاشوں کو تحویل میں لینے کے بعد ایدھی ایمبولینس سے مچھ ہسپتال منتقل کردیا۔
لیویز فورس کے مطابق فائرنگ سے ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت وسیم خان اور عبدالمالک کے نام سے ہوئی ہے۔