تربت: (دنیا نیوز) بلوچستان کے ضلع کیچ میں واقع شہر تربت میں خوفناک دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار جان کی بازی ہار گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں ایک خاتون پولیس اہلکار سمیت دو افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، دھماکا گھوڑا چوک کے قریب ہوا۔
پولیس کی جانب سے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے اہلکار کی لاش اور زخمیوں کو تربت ہسپتال منتقل کردیا گیا، واقعہ کی تحقیقات کیلئے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مذمت
وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے تربت بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے ایک پولیس اہلکار کی شہادت اور ایک خاتون اہلکار کے زخمی ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا مقصد ترقیاتی عمل کو روکنا اور سکیورٹی فورسز کو مرعوب کرنا ہے، دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، سکیورٹی فورسز کے عزم و حوصلے کو پست نہیں کیا جا سکتا۔