کراچی : (ویب ڈیسک ) کشمور میں قتل ہونیوالے آئی بی اے یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر اجمل ساوند کی نمازجنازہ سکھر میں ادا کردی گئی ۔
گزشتہ روز پاکستان کے جنوبی صوبہ سندھ کے علاقے کندھ کوٹ کے قریب انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) سکھر کے اسسٹنٹ پروفیسر اجمل ساوند کو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔
ڈاکٹر اجمل ساوندکی نمازجنازہ میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ، پروفیسر اجمل ساوند اعلیٰ تعلیم یافتہ تھے اور انہوں نے فرانس سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کر رکھی تھی۔
ملزمان نے پی ایچ ڈی پروفیسر کو قبائلی تصادم کےتنازع پر قتل کیا ، اجمل ساوند کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے پولیس کے مختلف علاقوں میں چھاپے جاری ہیں، چھاپوں کے دوران اب تک پانچ مشتبہ افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔
ایس ایس پی عرفان سموں کے مطابق پروفیسر اجمل ساوند کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے مختلف علاقوں میں سندرانی قبیلے کے افرادکے گھروں کی تلاشی بھی جاری ہے جبکہ حراست میں لیے گئے مشتبہ افراد کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔