آئی جی پنجاب کی زیر صدارت اجلاس، منشیات فروشی اور بچوں سے متعلق جرائم روکنے کا حکم

Published On 18 February,2023 10:57 pm

لاہور: (دنیا نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت سی سی پی او آفس لاہور میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں اشتہاری ملزمان کی گرفتاری، منشیات کے قلع قمع اور بچوں سے متعلقہ جرائم کے خاتمے کیلئے احکامات جاری کئے گئے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس شہدا کے بچوں کی بھرتی کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سنگین جرائم میں مطلوب اشتہاری ملزمان کے شناختی کارڈز نادرا کے ساتھ کلوز کوارڈی نیشن سے کینسل کروائے جائیں، ایف آئی آر کے مدعیوں سے قریبی رابطے، بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کے پاسپورٹس منسوخ کروائے جائیں۔

ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے ٹارگٹس پورا کرنے کیلئے بھرپور محنت، لگن اور صدق دل سے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے، تفتیشی افسران مقدمات کے مدعیوں کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھیں تاکہ ان سے معلومات کا تبادلہ ہو سکے، زیادہ اشتہاری ملزمان کو پکڑنے اور درخواستیں بروقت نمٹانے والے سرکل افسران کو انعامات دئیے جائیں گے۔

آئی جی پنجاب نے 2022 کے زیر التواء مقدمات کی تمام مثلوں کو ایک ماہ کے اندر اندر مکمل کرنے کی ڈیڈی لائن دے دی، بچوں سے زیادتی سے متعلقہ کوئی کیس زیر التواء نہ رہے، 15روز بعد دوبارہ اپ ڈیٹ لوں گا، تعلیمی اداروں اور ہاسٹلزکے گردونواح میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لائی جائے، منشیات فروشوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر آپریشنز کئے جائیں۔