لاہور : (دنیا نیوز) لاہور کے علاقے گوالمنڈی میں پولیس نے کارروائی کرکے خاتون منشیات فروش کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق گوالمنڈی میں خفیہ اطلاع پرپولیس نے پیشہ ور خاتون منشیات فروش برکھا کو حراست میں لے لیا ، ملزمہ لاہور کے تعلیمی اداروں کے گرد ونواح میں چل پھر کر منشیات فروخت کرتی تھی ۔
لاہور پولیس کے مطابق منشیات فروش ملزمہ کے قبضہ سے 1160 گرام چرس 30 گرام آئس، الیکٹرک کنڈے ، رقم وٹک اور آئس استعمال کرنے والے آلات برآمد کر لیے گئے ۔
پولیس نے ملزمہ کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ، انسداد منشیات فروشی کے حوالہ سے بہتر کارروائی پر ایس پی سٹی محمد سرفراز ورک نے ایس ایچ او گوالمنڈی اور ٹیم کو شاباش دی ۔
ایس پی سٹی کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو تباہی کی طرف دھکیلنے والے منشیات فروش کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں ۔
انسداد منشیات کیخلا ف ایک دوسری کارروائی چوکی شیر شاہ پولیس نے چوہنگ میں کی، جہاں پولیس نے بدنام زمانہ منشیات فروش عتیق کو گرفتارکرلیا ۔
پولیس نے ملزم کے قبضہ سے 01کلو 310گرام چرس برآمد کرلی ، انچارج چوکی شیر شاہ پولیس کے مطابق ملزم شیر شاہ کے علاقے میں منشیات فروشی کرتا تھا۔
پولیس کیجانب سے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا جبکہ مزید تفتیش جاری ہے ۔ ایس پی صدر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں ۔