دہشت گردی واقعات، سی ٹی ڈی ٹیموں کے چھاپے، سرچ آپریشنز جاری

Published On 02 January,2023 11:00 pm

لاہور: (دنیا نیوز) دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے پیش نظر صوبہ بھر میں سی ٹی ڈی کا کریک ڈاؤن جاری ہے، صوبے کے تمام اضلاع میں سی ٹی ڈی ٹیموں کے انٹیلی جنس بیسڈ کومبنگ آپریشنز میں تیزی آگئی۔

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مختلف اضلاع میں 34 مختلف مقامات پر 33 کومبنگ اور سرچ آپریشنز کئے گئے، 1549 مشکوک افراد سے پوچھ گچھ کی گئی، 815 افراد کو بائیو میٹرک ویریفکیشن کی گئی۔

چھاپوں کے دوران صوبہ بھر سے مشکوک سرگرمیوں میں ملوث 15 افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کئے گئے، سی ٹی ڈی گوجرانوالہ ٹیم نے ایک اشتہاری ملزم کو گرفتار کیا، ملزم کے قبضہ سے آتشی اسلحہ بھی برآمد ہوا۔

ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی پنجاب نے کہا کہ آئی جی پنجاب عامر ذوالفقار خان کی جانب سے ہدایت ملنے کے بعد سی ٹی ڈی ٹیمیں صوبہ بھر میں کومبنگ اینڈ سرچ آپریشنز میں مصروف ہیں، انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں دہشت گردوں، شدت پسندوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف آپریشنز جاری رہیں گے۔