کراچی:(دنیا نیوز) گلشن اقبال میں دو گھریلو ملازمائیں 45 لاکھ کا سونا لوٹ کر فرار ہو گئیں، 2 روز قبل ہونے والی واردات کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
واقعہ گلشن اقبال بلاک 13 میں پیش آیا جہاں دو گھریلو ملازمائیں بنگلے کا صفایا کر گئیں،دونوں خواتین ملزمان آپس میں ماں بیٹی ہیں، انہوں نے باقاعدہ منصوبہ بندی کرکے گھر میں موجود معمر افراد کو نشہ آور چائے پلاکر بے ہوش کر دیا اورکمروں میں رکھے گئے سونے کی بھاری مقدار جس کی مالیت 45 لاکھ روپے بتائی گئی ہے، لوٹ کر فرار ہو گئیں۔
کراچی پولیس نے 2 روزقبل واقعے کا مقدمہ گلشن اقبال تھانے میں درج کیا جس کے مطابق تاجر نے 5 ماہ قبل ماں، بیٹی شمیم اور حمیرا کو گھر کے کام پر رکھا، دونوں ملازمائیں صبح 8 بجے آتیں، 4 بجے واپس جاتی تھیں، انہوں نےاہلخانہ پر پہلے اپنا اعتماد قائم کیا اور بعد ازاں واردات کر ڈالی۔