زیارت میں کسٹم کی کارروائی، سمگل شدہ ٹائرز، سگریٹس اور چھالیہ برآمد

Published On 09 December,2021 01:56 pm

زیارت: (دنیا نیوز) بلوچستان کے علاقے زیارت میں کسٹم کی کارروائی کے دوران سمگل شدہ ٹائرز، کاسمیٹکس کا سامان، سگریٹس اور چھالیہ برآمد کر لیا گیا۔

کارروائی کوئٹہ ژوب روڈ زیارت کراس چیک پوسٹ پر کی گئی جس میں سمگل شدہ سامان برآمد ہوا، ترجمان کسٹم کے مطابق چیک پوسٹ پر چیکنگ کے دوران ایک ٹرک سے غیر ملکی سامان برآمد ہوا جس میں چھالیہ، ایرانی خشک دودھ پاوڈر، ٹائرز، پلاسٹک بیگز، کاسمیٹکس کا سامان اور سگریٹس شامل ہیں۔

کسٹم حکام کے مطابق سمگل شدہ غیر ملکی سامان کی مالیت دو کروڑ روپے بنتی ہے جبکہ کارروائی کے دوران ٹرک کو بھی قبضے میں لے لیا گیا، کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران زیارت کراس چیک پوسٹ سے 8 کروڑ روپے کا سمگل شدہ سامان برآمد کیاجا چکا ہے۔