سیالکوٹ: سات سال بعد بیٹے کے قتل کا بدلہ، ماں نے مبینہ قاتل کو مار دیا

Last Updated On 01 December,2019 10:16 pm

سیالکوٹ: (دنیا نیوز) سیالکوٹ میں ماں نے سات سال بعد بیٹے کے مبینہ قتل کا بدلہ لے لیا، قاتل کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا۔

سیالکوٹ تھانہ صدر کے علاقہ بٹر میں سات سال قبل نغمان وغیرہ نے فائرنگ کر کے اکیس سالہ تسلیم عرف کاکا کو قتل کیا تھا۔ مقدمہ میں مقامی عدالت نے نغمان عرف کوڈو کو سزائے موت سنائی تاہم اپریل 2019ء میں ملزم نغمان کو مقدمہ میں بے گناہ قرار دے دیا گیا۔

اس پر مقتول تسلیم کی ماں پروین بی بی نے بیٹے کے قاتل کو سزا دینے کی ٹھان لی اور ساتھیوں سمیت فائرنگ کرکے نغمان عرف کوڈو کو قتل کر دیا اور فرار ہو گئی۔

پولیس تھانہ صدر سیالکوٹ نے پروین بی بی سمیت 5 افراد پر قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے تاہم پولیس کسی ملزم کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی۔