کراچی: ڈیفنس میں زخمی ہونیوالے حارث اور مغوی لڑکی کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی

Last Updated On 01 December,2019 03:54 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے پوش علاقے میں ایک اور اغوا کی واردات، گزشتہ رات ڈیفنس میں زخمی ہونے والے حارث اور اغوا ہونے والی ان کی دوست دعا مانگی کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آ گئی، واقعہ کا مقدمہ زخمی حارث کے والد کی مدعیت میں درج کر لیا گیا۔

کراچی کا ضلع جنوبی اغوا کاروں کے رحم و کرم پر، رات گئے ڈیفنس بخاری کمرشل میں اغواء کی واردات ہوئی، محبت کا چکر یا واقعی اغواء کرنے کا منصوبہ تھا۔ گاڑی میں سوار مسلح ملزمان نے راہ چلتے حارث اور دعا نامی لڑکی پر دھاوا بول دیا۔

ملزمان آئے حارث پر گولیاں چلائیں، دعا مانگی کو اغوا کیا اور فرار ہوگئے، لڑکا اور لڑکی آپس میں دوست تھے۔ واقعہ پیش آیا تو قانون کو بھی حرکت میں آنا پڑا۔ رات بیتی، اتوار کا سورج طلوع ہوا تو کیس میں پیش رفت ہوئی، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج دنیا نیوز کو موصول ہوگئی، فوٹیج میں دیکھا گیا کہ دعا اور زخمی حارث چہل قدمی کر رہے ہیں۔

دونوں دوست گلی میں مڑے تو ملزمان نے فائرنگ بھی کی، واقعہ کا مقدمہ زخمی حارث کے والد عبدالفتح کی مدعیت میں درخشاں تھانے میں درج کرلیا گیا۔ ایف آئی آر میں عبدالفتح نے موقف اپنایا کہ حارث نے گولی لگنے کی اطلاع مجھے دی۔ بیٹے سے بات ہی کررہا تھا کہ تو پیچھے سے کسی کی آواز آئی کہ اسے ہسپتال لے جا رہے ہیں۔ سائوتھ زون پولیس نے عینی شاہدین کی بیانات کی روشن میں خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔