عدالت نے ساس، سسر کو قتل، بیوی کو زخمی کرنیوالے ملزمان کو عمر قید سنا دی

Last Updated On 20 September,2019 03:50 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت کی سیشن عدالت نے ساس، سسر کو قتل جبکہ بیوی کو زخمی کرنے والے ملزمان کو عمر قید اور پانچ پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم جاری کر دیا ہے۔

دنیا نیوز کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج فیض الاحسن نے قتل اور اقدام قتل کیس پر سماعت کی، ماڈل عدالت نے مجرم طلحہ اور حذیفہ کو عمر قید اور جرمانے کی سزا سنا دی۔ ملزموں کے خلاف تھانہ ٹاؤن شپ میں قتل اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔

ایڈیشنل سیشن جج نے مقدمہ میں ملوث دیگر ملزمان اُسامہ اور زبیدہ بی بی کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ سرکاری وکیل نذر اقبال نے مقدمہ میں حتمی دلائل مکمل کیے۔

سرکاری وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ملزم حذیفہ نے اپنے بھائی طلحہ کیساتھ مل کر اپنے سسر اور ساس کو قتل کیا جبکہ سرکاری وکیل کےدلائل کے دوران ملزمان کے وکیل نے مخالف کی۔

ملزمان کے وکیل نے استدعا کی کہ میرے مؤکل کا کوئی قصور نہیں ہے، پولیس نے ذاتی رنجش کی بنیاد پر مقدمہ میں ملوث کیا، عدالت ملزمان کو بری کرنے کا حکم جاری کرے۔