کراچی: صبح سویرے پولیس مقابلے میں ایک اہل کار شہید، دو ڈاکو ہلاک

Last Updated On 20 September,2019 03:51 pm

کراچی: (روزنامہ دنیا) کراچی میں صبح سویرے پولیس اور ڈاکووں کے مابین مقابلے میں ایک اہل کار شہید، دو ڈاکو مارے گئے جبکہ ایک ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ملزمان نے موٹرسائیکل چھیننے کے دوران پولیس کو دیکھتے ہی فائرکھول دیا۔

صبح سویرے کراچی کے علاقے ناظم آباد عید گاہ گراونڈ کے قریب پولیس مقابلہ ہوا۔ دو موٹرسائیکلوں پر سوار تین ملزمان شہری سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ گشت پر موجود دو پولیس اہلکار ذیشان اور شاہ میر کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ کر دی جس کے باعث اہلکار ذیشان موقع پر ہی شہید ہو گیا۔

فائرنگ کے تبادلے میں دو ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ دوسری موٹرسائیکل پر سوار تیسرا ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ شہید اہلکار اورڈکیتوں کی لاشوں کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راو ہسپتال پہنچے، میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہید اہلکار ذیشان نے 2014ء میں پولیس فورس میں شمولیت اختیار کی۔ ناظم آباد تھانےمیں ہی تعینات تھا۔

ایس ایس پی کے مطابق ہلاک ڈاکوؤں کی شناخت حبیب اورعبدالباسط کےنام سے کر لی گئی، دونوں کا تعلق بلوچستان کےعلاقے خضدار سے ہے۔ شہید اہلکار کی خالہ کا کہنا تھا کہ ذیشان کا نکاح ہو گیا تھا، رواں ماہ ہی اسکی شادی بھی تھی۔ انہوں نے اعلی حکام سے ملزمان کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔