خیبرپختونخوا، ملاوٹی دودھ فروخت کرنیوالوں اور نانبائیوں کیخلاف ایکشن، 22 گرفتار

Last Updated On 19 July,2019 03:47 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی نےملاوٹی دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیوں میں تین افراد کو گرفتار کرلیا ،آٹھ ہزار لیٹر ملاوٹی دودھ بھی تلف کردیا گیا۔ دوسری جانب پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے کم وزن روٹی فروخت کرنے پر مزید 19 نانبائیوں کو گرفتار کرلیا۔

کے پی فوڈ اتھارٹی ترجمان کے مطابق پشاور کے علاقے یکہ توت، ڈبگری گارڈن، شاہ قبول، رامداس، کوہاٹ روڈ اور دیگر علاقوں میں ملاوٹی دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں جس کے دوران دودھ میں پانی کی وافر مقدار خشک دودھ اور کیمیکل کی ملاوٹ پر تین افراد کو گرفتار کیا گیا، کارروائیوں میں آٹھ ہزار لیٹر دودھ تلف کیا گیا۔

دوسری جانب پشاور کے علاقے باچا خان چوک، جناح پارک روڈ اور دیگر علاقوں میں کم وزن روٹی فروخت کرنے والوں کیخلاف کارروائی میں 19 نان بائی قانون کے شکنجے میں آ گئے، انتظامیہ کے مطابق رواں ہفتے 200 کے قریب نانبائیوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے، کم وزن روٹی فروخت کرنے والے نان بائیوں کیخلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔