چوری کے موبائل فونز خریدنے والوں کیخلاف کریک ڈاون کیا جائے: آئی جی سندھ

Last Updated On 03 July,2019 04:35 pm

کراچی: (دنیا نیوز) آئی جی سندھ ڈاکٹر سیّد کلیم امام کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال پر اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران اینٹی کارلفٹنگ سیل کا نام تبدیل کر دیا گیا جبکہ چوری کے موبائل فونز خریدنے والوں کیخلاف بھرپور کریک ڈاون کا فیصلہ کر لیا گیا۔

آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ اے سی ایل سی کا نام اینٹی وہیکلز کرائم یونٹ رکھ دیا گیا ہے، موبائل فونز اسنیچنگ پر اینٹی اسٹریٹ کرائمز سیل ایکشن لے گا، موٹرسائیکلز لفٹنگ پراینٹی موٹرسائیکل کرائم سکواڈ کارروئی کریگا۔

ڈاکٹر سیّد کلیم امام کا کہنا تھا کہ اے وی سی یو کی افرادی قوت میں مزید اضافہ کیا جائے گا، مدعی کی عدم دلچسپی کے باوجود بھی گاڑیوں کی لفٹنگ کا مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مدعی کے گھروں میں بھی ایف آئی آر ارسال کی جائیں گی۔

آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ چوری کے موبائل فونزخریدنے والوں کیخلاف اب بھرپور کریک ڈاون ہوگا۔ ہر شکایات، جرائم پر ایف آئی آرز لازماً درج کی جائیں۔