لاہور ائیرپورٹ فائرنگ: قیصربٹ نے حملے کیلئے بھیجا، گرفتار ملزمان

Last Updated On 03 July,2019 01:28 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ائیرپورٹ پر فائرنگ واقعے میں گرفتار ملزمان نے تحقیقاتی اداروں کو بیان ریکارڈ کروا دیا، ملزمان کا کہنا ہے کہ انھیں قیصر بٹ نے زین کو قتل کرنے کیلئے بھیجا۔

 لاہور ائیرپورٹ پر آج صبح تمام تر سیکورٹی کے باوجود فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں عمرہ کر کے واپس آنے والے 2 افراد کو سرعام گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا۔ فائرنگ کے بعد ائیرپورٹ سیکیورٹی فورس نے ملزمان کو حراست میں لے لیا تاہم ہائی سکیورٹی زون میں اس طرح کی واردات نے سیکورٹی انتظامات پر سوالیہ نشان کھڑے کر دیئے۔

بتایا گیا ہے کہ نفیس جٹ اور زین جٹ جدہ سے آنے والی فلائٹ سے آج صبح وطن واپس پہنچے تھے، تقریبا سوا دس بجے بین الاقوامی آمد کے لاؤنج کے باہر ان پر دو ملزمان ارشد اور شان نے انتہائی قریب سے گولیاں ماریں جس سے نفیس اور زین جٹ ہلاک ہو گئے۔

گرفتار ملزمان کی جانب سے تفتیشی اداروں کو ریکارڈ کروائے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ قیصربٹ نے انہیں زین کو قتل کرنے کیلئے بھیجا۔ قیصربٹ پیپلز پارٹی کے مقتول رہنما بابر بٹ کا بھائی ہے، بابر بٹ کو کچھ عرصہ پہلے قتل کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق قاتلوں نے دشمنی کی بنیاد پر نفیس اور زین کو موت کے گھاٹ اتارا جبکہ 2017 میں درج ہونے والی بابر بٹ قتل کی ایف آئی آر میں عاطف جٹ، عرفان جٹ اور عاطی بٹ نامزد ملزمان ہیں۔