لاہور میں اغوا کے جھوٹے مقدمات درج کروانے کے رحجان میں اضافہ

Last Updated On 10 April,2019 03:08 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سال 2018 کے دوران خواتین اور بچوں کے اغوا کے 63 فیصد مقدمات جھوٹے نکلے۔ دنیا نیوز نے گزشتہ سال کے دوران درج ہونے والے مقدمات کا ریکارڈ حاصل کر لیا۔

 

دنیا نیوز کو حاصل ہونے والے ریکارڈ کے مطابق اغوا کے الزام میں مجموعی طور پر 3 ہزار 299 مقدمات درج کروائے گئے جن میں سے 2 ہزار 82 مقدمات جھوٹے ثابت ہونے پر خارج کر دیئے گئے۔

ریکارڈ کے مطابق خواتین کو بھگانے کے الزام پر 2 ہزار 107 مقدمات درج ہوئے جن میں سے ایک ہزار 429 مقدمات جھوٹے ثابت ہونے پر خارج کئے گئے۔

اس کے علاوہ مردوں اور خواتین کے اغوا کے 840 مقدمات درج ہوئے جن میں سے 426 مقدمات جھوٹے ثابت ہوئے اور خارج کر دیئے گئے۔ بچوں کے اغوا کے مجموعی طور پر 352 مقدمات درج کئے گئے جن میں سے 227 مقدمات جھوٹے ثابت ہوئے۔

اغوا کے جھوٹے مقدمات میں زیادہ تر خواتین، مرد اور بچے اپنی مرضی سے گئے۔ بعض جھوٹے مقدمات ذاتی مفادات اور مخالفین سے انتقام لینے کے لئے درج کروائے گئے۔ جھوٹے مقدمات کی وجہ سے پولیس کا وقت اور وسائل ضائع ہوئے۔